وزیراعظم نے ینگ انجینئرز کیلئے 20 ہزار انٹرن شپ کی منظوری دیدی:جاوید سلیم قریشی
ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت)پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئر مین جاوید سلیم قریشی نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل نے مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے لہٰذاہمیں اقبال کے فلسفہ خودی کو سمجھنے کی ضرورت ہے -وزیر اعظم نے ینگ انجینئرز کے لئے بیس ہزار انٹرن شپ کی منظوری دی ہے جس سے انجینئرز کو انڈسٹری میں رہتے ہوئے اعلیٰ تربیت کا موقع ملے گا -اس کے علاوہ پاکستان انجینئرنگ کونسل اگلے سال سے جاب پورٹل کا آغاز بھی کر رہا ہے جس کی بدولت نوجوان انجینئرز کو جاب کے فوری مواقع بھی میسر ہوں گے -انہو ںنے یہ بات کامسیٹس ساہیوال کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 369طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں -ا س موقع پر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر ریکٹر کامسیٹس اور ڈائریکٹر کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی -تقریب میں 369طلبا و طالبات نے مختلف شعبہ جات میں ڈگریاں حاصل کیں جن میں طالبات کی تعداد 96ہے جبکہ 19طلبا و طالبات کو گولڈ ،برائونز اور سلو ر میڈلز سے نوازا گیا -جن میں سجیلہ غلام نبی ،عمارہ تبسم ،وجیہہ رحمان،مریم اشفاق،شفیق احمد ،خالد مقصود خٹک،محمد عمر ،محمد عمر دراز ،سیدہ طاہرہ بتول،رانا ولید منظور ،عرفاہ حسین،اذکا یوسف،عائشہ امجد،حنا ذوالفقار، کومل اعجاز ،حمزہ بابر ،افتخار امجد اور سمیرا مغل شامل ہیں۔ریکٹر کامسیٹس پروفیسر راحیل قمر نے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کامسیٹس کے لئے باعث فخر ہو اور پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھو ںمیں ہے۔