حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کریگی: گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار )گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک اٹلی دو طرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری کے فروغ ، باہمی تجارت کی سرگرمیوں میں اضافہ اور موئثر روابط سے خطہ میں بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ، اٹلی کے سرمایہ کاروں کا صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام کی دلیل ہے ، حکومت اٹلی کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کرے گی ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں اٹلی کے Augustea گروپ کے چار رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں صوبہ کی استعداد ، سرمایہ کاری کے ماحول ، حکومت کے تعاون ، پاک اٹلی دو طرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری ، تجارت اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے اس ضمن میں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ، اٹلی کی سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں سرمایہ کاروں کا صوبہ میں تیزی سے راغب ہونا حکومت کی معاشی پالیسی اور واضح حکمت عملی کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسی کے باعث ہر شعبہ سے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، سماجی ، ثقافتی اور معاشرتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو نے سے خوشحالی کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچنا شرو ع ہو گئے ہیں یہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ دریں اثناء گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ میمن کمیونٹی بے لوث ، مہربان ، تعاون کرنے والی برادری ہے ، اس کمیونٹی نے تجارت ،تعلیم ، صحت ،سماجی خدمت ، تفریحی اور میڈیا سمیت دیگر شعبوں میں ماہر ، تجربہ کار ، با صلاحیت اور محنتی افراد فراہم کئے ،جو آج بھی اپنی صلاحیتوں سے دنیا بھر میں ملک وقوم کا نام روشن کررہے ہیں۔