پاکستانی تاجر بوسنیا سے تجارتی روابط بڑھانے کیلئے کردار ادا کریں: ندیم ماک ایروک
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان بزنس فورم لاہور کا ایک اجلاس آج بزنس فورم پنجاب کے صدر سمیع اللہ بٹ کی زیر صدارت ہالیڈے ان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بوسنیا کے سفیر مسٹر ندیم ماک ایروک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سفیر بوسنیا نے اس موقع پر لاہور کے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بوسنیا اگرچہ دنیا کے نقشے پر ایک نوزائیدہ مملکت ہے لیکن پاکستان اور بوسنیا دونوں ممالک کے باشندے اسلام کے گہرے رشتے کے ساتھ باہم منسلک ہیں۔ بوسنیاکے سفیر مسٹر ندیم ماک ایروک نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ بوسنیا کے ساتھ تجارتی واقتصادی روابط وتعلقات کو فروغ دینے، معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔