کراچی سٹاک مارکیٹ میں مندا‘ سرمایہ کاری میں 19 ارب سے زائد کمی‘ لاہور میں تیزی
کراچی + لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روزجمعرات کواتارچڑھائو کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 29400 پوائنٹس کی حد سے گرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں19ارب 93کروڑروپے سے زائدکی کمی ، اتارچڑھائو کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 107.81پوائنٹس کمی سے29350.34 پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر371 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا۔ سرمایہ کاری مالیت میں19ارب93کروڑ95لاکھ63 ہزار216 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر70کھرب62ارب 96کروڑ11لاکھ87 ہزار448روپے ہوگئی ۔جمعرات کو کاروباری سرگرمیاں49کروڑ63 لاکھ 23 ہزار130شیئرز رہیں جوبدھ کے مقابلے میں10کروڑ49لاکھ90 ہزار850شیئرززائد ہیں ۔لاہور سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روزتیزی کا رجحان رہا - مجموعی طور پر108کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 24کمپنیوں کے حصص میں اضافہ30 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ54کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 48.13پوائینٹس کے اضافہ کے ساتھ5569.57پربندہوا۔