نئی ہنڈا اسپائر مارکیٹ میں متعارف کروا دی گئی

نئی ہنڈا اسپائر مارکیٹ میں متعارف کروا دی گئی

لاہور (کامرس رپورٹر) ہنڈا اٹلس کارز (پاکستان) نے 1.5 لیٹر انجن کے ساتھ نئی ہنڈا سٹی اسپائر مارکیٹ میں متعارف کروائی ہے۔ ہنڈا سٹی اسپائر کی تعارفی تقریب گزشتہ روز ہنڈا فیکٹری لاہور میں منعقد ہوئی۔ اپنی بیش قدر خوبیوں کے ساتھ ہنڈا سٹی اسپائر کا شمار ہمیشہ ہنڈا کے لگژری ماڈلز میں ہوتا ہے اور مقامی مارکیٹ کیلئے ہنڈا اسپائر 1.5 لیٹر کی پیشکش اس میں قابل ذکر اضافہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے صدر اور سی ای اوتا کیہاروآﺅ نے کہا کہ ہنڈا نئی ٹیکنالوجی کی تخلیق اور انفرادیت کے اصول پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کسٹمرز کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہیں اور انہی کسٹمرز کے تعاون کی بدولت ہنڈا نے متعدد سنگ میل عبور کئے ہیں۔ تاکیہاروآﺅ نے حال ہی میں تحفظ ماحول کیلئے ہنڈا کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم ”آپ ایک ہنڈا خریدیں، ہم ایک درخت لگائیں“ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہنڈا اٹلس کارز اپنی سماجی ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی سرگرم عمل ہے۔ ہنڈا کی اس مہم کے تحت مارکیٹ میں فروخت ہونے والی ہر نئی کار پر کمپنی ایک درخت کی شجرکاری کرے گی۔