ڈسکاﺅنٹ ریٹ میں 200بیسک پوائنٹس کی کمی جائے : گوہر اعجاز

اسلام آباد (اے پی پی) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے راہنما گوہر اعجاز نے کہا کہ صنعتی ترقی اور روز گار کی فراہمی کے مواقع میں اضافہ کیلئے ڈسکاﺅنٹ ریٹ میں 200بیسک پوائنٹس (پی بی ایس) کی کمی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل کے شعبہ کی برآمدات کرنے والے خطے کے دیگر ممالک میں شرح سود 7فیصد سے زائد نہیں جبکہ پاکستان میں شرح سود 9.5فیصد ہے ، خطے کے دیگر برآمد کنندگان سے مقابلہ کرنے کیلئے شرح سود میں کمی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ زیادہ شرح سود کے باعث صنعتی شعبہ میں نئی سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوئی انہوں نے کہا کہ ڈسکاﺅنٹ ریٹ میں کمی کرکے شرح سود میں کمی کی جائے جس سے صنعتی شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور پاکستانی صنعتکار خطے کے دیگر ممالک کے برآمد کنندگان کا بین الاقوامی منڈیوں میں بھرپور مقابلہ کر سکیں گے۔ جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور صنعتی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ صنعتی ترقی سے ملک میں روز گار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جس سے بے روز گاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔