حکومت نے سی این جی کی قیمت بڑھانے کی پلاننگ کر لی

حکومت نے سی این جی کی قیمت بڑھانے کی پلاننگ کر لی

اسلام آباد (راجہ عابد پرویز / خبر نگار) وزارت پٹرولیم نے سی این جی کی قیمتوں کو پٹرول کے 80فیصد کرنے کے لئے تمام تیاریاں کر لی ہیں۔ 18دسمبر کو ای سی سی میں اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ اوگرا کی طرف سے سی این جی کی قیمتیں طے کرنے کے لئے عدالتی سماعتیں اور سی این جی ایسوسی ایشن سے مذاکرات ٹوپی ڈرامہ ہے۔ سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت میں اوگرا کی نئی قیمت کے حوالے سے کوئی نیا فارمولا پیش نہیں کرے گی بلکہ پہلے سے پیش کردہ فارمولے میں مختلف ہیڈز کی وضاحت کرے گی۔ اوگرا کے تاخیری حربے اور وزارت پٹرولیم کے قیمتوں میں اضافے کے لئے سمری ای سی سی کو ارسال کرنا واضح کرتا ہے کہ اب حکومت نے قانونی جواز بنا کر سی این جی کی قیمت میں اضافہ کرنے کا تہیہ کر لیا ہے۔ دوسری طرف سی این جی صارفین سی این جی کی قلت کی وجہ سے شدید پریشان ہیں۔ تاخیری حربوں اور قیمتیں طے نہ کرنے کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز مالکان نے گذشتہ روز مزید سٹیشنز بند کر دیے۔