حلال زون میں پاکستان کا حصہ ڈالنا اولین ترجیح ہے: سعادت چیمہ

لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی محمد سعادت ایس چیمہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں 52 فیصد خواتین کیلئے الگ زون کا قیام اور عالمی مارکیٹ میں حلال زون میں پاکستان کا حصہ ڈالنا ہماری اولین ترجیحات ہیں ملک بھر میں تمام چیمبرز کے تعاون سے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون انوسٹرز کی سہولت کیلئے رابطہ دفاتر قائم کرنے کا آغاز کر چکا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر چیمبر کے صدر ظفر بختاوری سے بات چیت کے دوران کیا اس موقع پر سعادت چیمہ کو خصوصی بریفنگ بھی دی گئی چیمبر کے صدر ظفر بختاوری نے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کو چکوال میں موٹروے سے متصل علاقے میں زمین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ محمد سعادت ایس چیمہ نے کہا کہ زمین کی فراہمی کے بعد فوری زون قائم کیا جائے گا جس کے دور رس مثبت اثرات ملکی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا سبب بنے گا جبکہ ملحقہ علاقوں میں روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ سمال انڈسٹریز گھریلو صنعتیں اور دیگر یونٹس کو ایکسپورٹ پروسیسنگ کی سہولیات ان کے دروازے تک پہنچا سکیں۔