پنجاب حکومت آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھے: بلال اسلم صوفی

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی یاشن فاﺅنڈرز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر بلال اسلم صوفی نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لئے فلورملوں کو رمضان پیکیج کے علاوہ بھی سرکاری گوداموں سے گندم مہیا کرے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز ایک وفد کے ہمراہ سیکرٹری خوراک پنجاب سے ملاقات میں کیا ہے۔ وفد میں خلیق ارشد، ماجد عبداللہ، عبدالستار، حاجی مقصود اور شیخ فیاض احمد شامل تھے۔ ڈاکٹر بلال اسلم صوفی نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں ایک من گندم کی قیمت 1385 روپے کے لگ بھگ پہنچ چکی ہے۔ اگر حکومت نے بروقت مداخلت نہ کی تو خدشہ ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 760 روپے سے بھی بڑھ جائے گی۔ سیکرٹری خوراک پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو پنجاب حکومت تک پہنچائیں گے۔