لوڈشیڈنگ: رمضان پیکج کیلئے آٹے کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے: حبیب الرحمن

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین حبیب الرحمن خان لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی طویل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے فلور ملز کی گندم کی پسائی کی استعداد بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ جس کے باعث رمضان پیکج کیلئے آٹے کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کے اضلاع خصوصاً راجن پور ڈیرہ غازیخان میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے دیگر انڈسٹریوں کے ساتھ ساتھ فلور ملنگ انڈسٹری کا پہیہ بھی جام کر دیا ہے۔ مختلف وقفوں میں ایک گھنٹہ بجلی آتی ہے اور پھر کئی کئی گھنٹوں کیلئے غائب ہو جاتی ہے۔ ان حالات میں فلور ملیں گندم کی پسائی نہیں کر پا رہیں اور ساتھ ہی ساتھ فلور ملز کی برقی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ماہ صیام میں عوام الناس کی سہولت کیلئے حکومت نے رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے، جس میں فلور ملز بھی اپنی استعداد کے مطابق حصہ ڈال رہی ہیں۔ لیکن بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے رمضان بازار میں سستے آٹے کی سپلائی کو مشکل ہی نہیں ناممکن بنا دیا ہے۔ ان حالات میں فلور ملز کیلئے فلور ملز مالکان کیلئے ناممکن ہے کہ وہ رمضان بازاروں میں آٹے کی سپلائی جاری رکھ سکیں۔