حکومت تاحال عوام کو کڑوی گولیاں دے رہی ہے: خالد پرویز

لاہور (کامرس رپورٹر) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سے ابھی تک عوام کو کڑوی گولیاں ہی ملی ہیں۔ بجلی مہنگی، پٹرول مہنگا، گیس مہنگی، ہر شے مہنگی، نصف سے یادہ گردشی قرضے ادا کر دینے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا وہی حال ہے۔ آئی ایم ایف سے کڑی شرائط اور بھاری سود پر قرضہ لے کر حکومت غریب عوام کو مزید کچلنے کیلئے تیار ہے کہ رمضان کے بعد بجلی کے نرخ کئی روپے فی یونٹ بڑھانے کی نوید ہے۔ کیا ان خوابوں کی یہی تعبیر ہے جو انتخابات میں عوام کو دکھائے جاتے رہے ہیں۔ دراصل حکومت کے اخراجات آمدنی سے کہیں زیادہ ہیں اور کرپشن، رشوت، بجلی گیس چوری کی مد میں اربوں روپے لوٹے جانے کو روکنے کی بجائے آسان راستہ قرضے لینا ہے اور پچھلی حکومتوں کی طرح یہ حکومت بھی اسی ڈگر پر چل رہی ہے شاید سسٹم کو ٹھیک کرنا موجودہ حکومت کی ترجیح نہیں ہے۔