کراچی تاجر اتحاد کے تحت ایجوکیشنل پروگرام کا آغاز
کراچی(کامرس رپورٹر)آل کراچی تاجر اتحاد نے اپنے جاری کردہ ایجوکیشنل پروگرام کے تحت شہر کی پسماندہ اور غریب بستیوں کے بچوں کیلئے مفت ابتدائی دینی اور دنیاوی تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اس سلسلے کا پہلا پروگرام گذشتہ روز میمن گوٹھ ملیر سے شروع کیا گیا جہاں پہلے ہی روز کلاس میں 50 سے زائد بچوں نے شرکت کی ، اس موقع پر آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے بچوں میں مفت کتابیں، اسٹیشنری کا سامان اور یونیفارم بھی تقسیم کیئے اوررضاکارانہ طور پر تدریسی خدمات پیش کرنے پر خواتین اساتذہ کو سلام پیش کیا، انھوں نے غریب اور پسماندہ بستیوں کے بچوں میں حصولِ تعلیم کے شوق اور جوش و جذبے کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں میں تعلیم کا شوق اور جنون دیکھ کر یقین ہوگیا کہ تعلیم کی شمع گھر گھر روشن ہوجائے تو ملک کا مستقبل تابناک ہوسکتا ہے۔