بروکرز کو لائسنس جاری کرنے، تجدید کا طریقہ آسان بنانے کی منظوری
لاہور (کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے سٹاک مارکیٹ میں بروکریج کے کاروبار کو آسان بنانے اور بروکروں پر ریگولیٹری بوجھ کم کرنے کے لئے، بروکرز کو لائسنس جاری کرنے اور سالانہ تجدید کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ کمیشن کی جانب سے بروکرز کی لائسنسنگ رجیم میں منظور کی گئی تبدیلیاں، متعلقہ قوائد و ضوابط میں ترامیم کے ذریعے جلد نافذ کی جائیں گی۔ کمیشن نے فیصلہ کیا ہے سکیورٹیز کے بروکر کو صرف ایک ہی لائسنس حاصل کرنا ہو گا اور اب لائسنس شدہ سکیورٹیز بروکر کو دیگر لائسنس جیسے کہ فیوچر بروکریج کا لائسنس، سکیورٹیز ایڈوائزر کا لائسنس، فیوچر ایڈوائزر کا لائسنس اور ایسے دیگر لائسنس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق سکیورٹیز بروکر کا لائسنس حاصل کرنے یا لائسنس کی سالانہ تجدید کے لئے، ایک سکیورٹیز بروکر کو صرف پاکستان سٹاک ایکس چینج کی سفارش کے خط کے ہمراہ مذکورہ بروکر کی جانب سے حلف نامہ اور لائسنس کی فیس جمع کروانی ہو گی۔