تلخیاں بھلاکر ہمسائیوں کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات استوار کرنا ہونگے: چودھری شفیق

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس اینڈ انویسٹمنٹ چودھری محمد شفیق نے کہا کہ تجارت کے شعبے کو پروان چڑھانے کیلئے کاروباری اداروں کے مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارتی حلقوں کے ساتھ مضبوط تعلقات ہونا انتہائی ضروری ہے یہ بات انہوں نے سارک کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر طارق سعید صدر، اقبال تابش سیکرٹری جنرل Mr.Jotti، Mr. Kisala سری لنکا، انیس الحق بنگلہ دیش، افتخار ملک چیئرمین گارڈ گروپ آف پاکستان سمیت مختلف ممالک کے بزنس مین موجود تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں ماضی کی تخلیاں بھلا کر خطے کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات استوار کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل اور ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن انرجی کے بحران سے پاکستان کی معیشت ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب انرجی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں یہ صرف بیان بازی نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ جس جگہ پر انرجی کے منصوبے شروع ہوئے ہیں وہاں پر کام باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم پاور پراجیکٹ سے بجلی کی سپلائی آئندہ چند دنوں تک شروع ہو جائے گی جبکہ نندی پور سے بھی بجلی کی سپلائی چند ماہ تک متوقع ہے۔