جنوبی کوریا نے پاکستانی ماہرین کی مدد سے مثالی ترقی کی: زکریا عثمان
لاہور (کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زکریا عثمان نے کہا جنوبی کوریا نے پاکستانی منصوبہ بندی کے ماہرین کی مدد سے بہت کم عرصہ میںمثالی ترقی کی مگر ہم غیریقینی سیاسی صورتحال اور سرخ فیتے کا شکار ہو کر پیچھے رہ گئے۔ کوریا کی اقتصادی ماڈل پر عمل پیرا ہو کر تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات کوریا کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے موقع پر کوریا کے مرکزی چیمبر سے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ایک ایم او یو پر دستخط کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا دونوں ملکوں کے مابین دوستانہ مراسم کے باوجود باہمی تجارت 1.6ارب سالانہ ہے جبکہ کوریا اور بھارت کی تجارت سولہ ارب ڈالر سے زیادہ اور چین سے اسکی تجارت ایک ارب ڈالر روزانہ کے لگ بھگ ہے۔پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے جو کوریا اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے لئے ایک سنہری موقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوریا پاکستان میں خصوصی اکنامک زون بنائے جس سے دونوں ملکوں کے مابین قربت کے علاوہ اسکی افغانستان اور وسط ایشیاء کی منڈیوں تک رسائی ہو گی۔