رواںسال 40 لاکھ ٹن چاول برآمد‘ 2.3ارب ڈالر زرمبادلہ کا تخمینہ ہے: سمیع اللہ نعیم
لاہور(نیوزرپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین چوہدری سمیع اللہ نعیم نے وفاقی حکومت سے رِیپ کے زیر اہتمام آئندہ ماہ دبئی میں منعقد کی جانے والی ایوارڈ تقریب کی کامیابی کیلئے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہاہے کہ اس اقدام سے دنیا میں پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ،رواں سال 40لاکھ ٹن چاول کی برآمد سے 2.3ارب ڈالر کا خطیر زر مبادلہ حاصل ہونے کا تخمینہ ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ نا مساعد حالات کے باوجود رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستانی معیشت کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔ 20فروری کو دبئی میں منعقدہ ایوارڈ تقریب میں نہ صرف پاکستانی چاول کے دس بڑے بین الاقوامی خریداروں کو گولڈ ٹرافی دی جائے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹ میں بہترین کارکردگی پر 30پاکستانیوں کو بھی ایوارڈزدے کر ان کی خدمات کو سراہا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ مذکورہ تقریب کی کامیابی کیلئے نہ صرف دبئی میں پاکستانی سفارتخانے کو احکامات جاری کئے جائیں بلکہ متعلقہ اداروں کو بھی تعاون کی ہدایات دی جائیں ۔