اتار چڑھاﺅ کے بعد کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی‘ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حصص خریداری باعث بنی

اتار چڑھاﺅ کے بعد کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی‘ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حصص خریداری باعث بنی

کراچی + لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی اتارچڑھاو¿ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 34600کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ۔کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت13.29فیصد زائد رہا ۔کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34575 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم خریداری کے باعث مندے کے اثرات زائل ہوگئے ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 56.59پوائنٹس اضافے سے 34651.29پوائنٹس پر بند ہوا ۔ماہرین سٹاک کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران جرمنی سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے کراچی کے دورے کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور وہ بڑے پیمانے پر حصص کی خریداری کررہے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی ہے ۔۔سرمایہ کاری مالیت میں 14 ارب91کروڑ33لاکھ 5ہزار372روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 74 کھرب 64ا رب 75 کروڑ 91 لاکھ 81 ہزار 662 روپے ہوگئی ۔ دریں ا ثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں تیزی کے دوران مجموعی طور پر95کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔24 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا۔ 5 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی۔ جبکہ66کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 25.88 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 5834.87 بندہوا۔ مارکیٹ میں کل16لاکھ23ہزار حصص کا کاروبار ہو ا۔