حکومتی اقدامات سے اشیاء کے نرخوں میں کمی ہوئی : بلال یاسین

لاہور (پ ر) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی بلا ل یاسین نے کہا کہ صوبے میں مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے حکومت کے موثر ترین اقدامات اور پرا ئس میکنزم پر سختی سے عملدارآمد سے سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں واضع کمی سے عوام کو بھر پور ریلیف ملا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی او آفس گجرات میں پرائس کنٹرول کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس اور مسلم بازار اور ماڈل بازار کے دورہ کے موقع پر خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلی بار حکومت نے اشیاء ضروریہ ، سبزی اور پھلوں کی قیمتیں کنٹرول میں رکھنے کے لئے باقاعدہ پر ائس میکنزم متعارف کرایا ہے جس پر سختی سے عملدارآمد یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ان اشیاء کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی جس کا فائدہ عام آدمی کو ہو گا۔