بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ نیپرا 16 جنوری کو سماعت کرے گا

اسلام آباد (این این آئی) سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمتوں میں ایک روپیہ فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کر دیا، نیپرا اس حوالے سے پٹیشن کی سماعت 16 جنوری کو کرے گا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ماہ دسمبر کے لئے طلب کیا۔ پٹیشن کے مطابق دسمبر کے دوران کوئلے سے کوئی بجلی پیدا نہیں کی گئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی کی پیداواری لاگت 23 روپے 50 پیسے اور فرنس آئل سے 16 روپے 75 پیسے یونٹ رہی۔ گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت 4 روپے 27 پیسے اور نیوکلیئر بجلی کی لاگت 1 روپیہ 32 پیسے فی یونٹ رہی۔ اس کے علاوہ ایران سے درآمدی بجلی کی قیمت 10 روپے 55 پیسے فی یونٹ رہی۔ پٹیشن میں سپلیمنٹری چارجز کی مد میں 13 پیسے فی یونٹ اور ٹرانسمیشن لاسز کی مد میں 27 پیسے فی یونٹ بھی طلب کئے گئے۔