حکومت اور اپوزیشن سینٹ انتخابات کی طرح کالا باغ ڈیم پر بھی ایک ہو جائے: تاجر

لاہور (کامرس رپورٹر )صنعت کاروں اور تاجروں نے حکومت  اور اپوزیشن سمیت ملک  کی تمام سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ جس طرح سینٹ کے انتخابات میں وہ اکٹھے ہوئے ہیں اسی طرح کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے بھی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جائیں اور ملک کو آئندہ خشک سالی سے بچا لیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط، پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین آغا سیدین، فیڈریشن کے مرکزی رہنما خواجہ خاور رشید،لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر خالد پرویز نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ نو منتخب سینیٹرز سینٹ  کے پہلے اجلاس میں متفقہ قرار داد منظور کر  کے ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور صنعت  کو چلانے کے لیے  کالا باغ ڈیم پر مکمل یکجہتی کا اعلان کر دیں۔