حلال فوڈ کی دو روزہ بین الاقوامی نمائش لاہور میں شروع‘ انڈسٹری کو فروغ دینگے: سکندر بوسن

حلال فوڈ کی دو روزہ بین الاقوامی نمائش لاہور میں شروع‘ انڈسٹری کو فروغ دینگے: سکندر بوسن

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندرحیات بوسن نے کہا کہ حلال سرٹیفیکیشن کیلئے اتھارٹی کا قیام عمل میںلایا جا رہا ہے جو حلال پراڈکٹس کو ریگولیٹ بھی کرے گی۔ حکومت حلال انڈسٹری کے فروغ کیلئے اپنی کوشش جاری رکھے گی، حرام فوڈ کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوایس ایڈ اور پی ایچ ڈی اے کے زیر اہتمام چوتھی بین الاقوامی حلال کانفرنس اور نمائش 2015ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب کے لیے یو ایس ایڈ کے صوبائی ڈائریکٹرمائلز ٹوڈر نے کہا کہ یو ایس ایڈ پنجاب اینبلنگ انوائرمنٹ پراجیکٹ اور پی ایچ ڈی اے کے مابین مفاہمت کی یاداشت سے نہ صرف حلال گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد دینے والے نئے کاروبار بھی وجود میں آئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ گوشت کی صنعت 115ملین ڈالر پر مشتمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوایس ایڈ کا پنجاب انیبلنگ انوائرمنٹ پراجیکٹ 14.98ملین ڈالر مالیت کا ایک پانچ سالہ منصوبہ ہے جو پالیسی اور اصلاحاتی سطح پر کام کرتے ہوئے پنجاب کے نجی شعبے میں کاروباری ماحول کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کر رہا ہے۔ پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی کے چیئرمین جسٹس( ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ پی ایچ ڈی اے پاکستان کی حلال صنعت کو ترقی دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔ نمائش آج 11مارچ تک جاری رہے گی۔