سعودی عرب کا 750 ملین ڈالر کا چندہ روپے کی قدر میں اضافہ کی وجہ بنا

اسلام آباد (عترت جعفری) ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں اضافہ کی فوری وجہ پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ میں سعودی عرب کی طرف سے ساڑھے سات سو  ملین ڈالر کا چندہ ہے جس نے روپے کی قدر کو بڑھانے میں سہارا دیا۔ گزشتہ چند روز میں روپے کی قدر میں اضافہ اور ڈالر کی قیمت میں کمی پر معاشی ماہرین ششدر  ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ پروگرام طے کرتے وقت سٹیٹ بینک کے ذخائر قریباً 5بلین ڈالر تھے جبکہ اس وقت قریباً 4بلین ڈالر ہیں جبکہ پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر یعنی کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کو شامل کرنے کے بعد 9بلین ڈالر سے زائد ہیں۔ اس طرح آئی  ایم ایف کے سا تھ پروگرام طے ہونے اور مارچ کے دوسرے ہفتے کے آغاز پر مجموعی ذخائر میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے  تاہم ڈالر کی قدر میں کمی آنا شروع ہوئی ہے اور روپیہ صحت پکڑنے لگا ہے۔