رواں برس50ہزارطلباء کو وظائف دیئے جارہے ہیں: مجتبیٰ شجاع

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرایکسائز وٹیکسیشن، خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ پنجا ب حکومت معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے نجی تعلیمی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے جس کے لیے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کو7ارب 50کروڑ کی رقم فراہم کی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران 12 ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے50 ہزار سے زائد طلباء کو وظائف دیئے جا رہے ہیں ان میں پرائیویٹ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباو طالبات بھی شامل ہیں - شاد باغ میںنجی تعلیمی ادارے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ جہالت اور غربت کے خاتمے کے لئے معیاری و جدید تعلیم کا  فروغ ضروری ہے جبکہ صوبائی حکومت سکول ایجوکیشن کو اپ گریڈ کرنے کے لئے جامع پالیسی پر کام کر رہی ہے اور 3ارب 50کروڑ روپے گرلز سکولوں میں بنیادی سہولتیں کی فراہمی کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔   انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران -244ارب روپے تعلیم کے شعبے پر خرچ کئے جائیں گے جو کہ پنجاب کے بجٹ کا 26 فیصد ہے ۔ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے بتایا کہ پانچ سالوں میں 13005 ملین روپے سے 3068پرائمری اور مڈل سکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا ۔