متاثرہ بجلی گھروں کی بحالی کے لےے فوری امدادکی ضرورت ہے: ایم ڈی پیپکو

لاہور (کامرس رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو) طاہر بشارت چیمہ کی زیرصدارت واپڈا ہاﺅس میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں طاہر بشارت چیمہ نے بتایا کہ کوٹ ادو پاور کمپنی کے تمام متاثرہ بجلی گھروں کی بحالی کے لئے انتظامی امداد کی فوری ضرورت ہے۔ پیپکو کا مظفرگڑھ میں تھرمل بجلی گھر بالکل محفوظ ہے۔ اجلاس میں سیلاب کے باعث بجلی کے نظام، بجلی گھروں اور تنصیبات کا بھی جائزہ لیا گیا جس کے نقصانات کا تخمینہ 4ارب سے زائد روپے لگایا گیا۔ اجلاس میں پیسکو کے ایکسئین عبدالحمید اور لائن سپرنٹنڈنٹ عطاءالرحمن جنہیں دوران ڈیوٹی سیلابی ریلا بہالے گیا ان کے لاپتہ ہونے پر تشویش کااظہار کیا گیا۔ اجلاس میں چیف فنانشل آفیسر رضی مسعود، چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو سلیم اختر، چیف ایگزیکٹو آفیسر این ٹی ڈی سی رسول خان محسود، جنرل مینجر تھرمل پاور خالد رشید اور جنرل مینجر ہیومن ریسورز اظہر اقبال نے بھی شرکت کی۔ واپڈا حالیہ سیلاب کے دوران ملک کے بڑے دریاﺅں بالخصوص دریائے سندھ پر واقع بیراجوں اور ان سے متصل سٹرکچرز کو بچانے کے لےے صوبائی حکومتوں کو تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ مذکورہ مقصد کے لےے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف، چیئرمین واپڈا شکیل درانی اور واپڈا کی ایک اعلیٰ سطحی تکنیکی ٹیم بیراجوں پر پانی کی صورتحال کو باقاعدگی سے مانیٹر کر رہے ہیں۔