چیئرمین واپڈا کی کچھی کینال منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی  کہ کچھی کینال منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ اس منصوبے کے فیزI-کے پہلے مرحلے کی کم سے کم مدت میں تکمیل کو ممکن بنایا جائے۔  وفاقی حکومت کے عزم کے مطابق واپڈامنصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لئے  تمام اقدامات بروئے کار لارہا ہے تاکہ بلوچستا ن کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے دور دراز علاقوں میں 55ہزار ایکڑ بنجر زمین زیر کاشت لانے کے لئے پانی مہیا کیا جاسکے۔چیئرمین واپڈا نے ان خیالات کا اظہار کچھی کینال پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے منصوبے پر کام کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کیا اور کنسلٹنٹ اور کنٹریکٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ڈیزائن سمیت منصوبے کے ان تمام ایشوز کو فوری طور پر حل کریں جن کی وجہ سے منصوبے پر تعمیراتی کام کی رفتار متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے پر تعمیراتی کام کے مطلوبہ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔