پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت دو روزہ جاب فیئر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام دو روزہ جاب فئیر شروع ہوگیا ۔ ملک و بیرون ملک سے معروف کمپنیاں باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو پرکشش ملازمتوں کے مواقع مہیاکر رہی ہیں۔ایکسپو سنٹر میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور نے جاب فیئر کا افتتاح کیا اس موقع پر نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں اور جاب فیئر میں روشن مستقبل کا خواب لے کر آنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ حکومت پنجاب کے تعاون سے منعقدہ جاب فیئر کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیت اور قابلیت کے مطابق ملازمت تلاش کرسکتے ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق جاب فیئر میں 20 سے 30 ہزار نوجوان مختلف کمپنیوں میں ملازمت کیلئے رجسٹریشن کرائیں گے۔  نمائش میں 62 کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں جن میں ڈیسکون ، بیورو آف امیگریشن، او جی ڈی سی، نیشنل مین پاور بیورو، منسٹری آف اوورسیز ایمپلائمنٹ اینڈ ہیومن ریسورس ، ٹیوٹا، سکل ڈویلپمنٹ فنڈ اور پی وی ٹی سی وغیرہ شامل ہیں۔