ایک ہفتہ کے دوران کراچی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ‘ سرمایہ کاری مالیت64 کھرب 93 ارب سے بڑھ گئی

کراچی (مارکیٹ رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران تیزی پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1108.95 پوائنٹس اضافے پر دوبارہ 26892.23 کی ریکارڈ حد پر پہنچ گیا۔ ہفتے کے دوران سرمایہ کاری مالیت میں 2 کھرب 14 ارب روپے سے زائد اضافے کے باعث کاروبار میں تیزی رہی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوران بینکوں، آئل وگیس کمپنیوں کے منافع میں اچھے اثرات، آئندہ ہفتے بیشتر کمپنیوں کے منافع میں اضافے ہونے کی توقعات، سیمنٹ، فرٹیلائزر کمپنیوں کی زائد خریداری کے باعث سرمایہ کاروں کی بینکنگ، آئل وگیس، سیمنٹ، فرٹیلائزر سمیت بیشتر حصص کی خریداری میں نمایاں دلچسپی اور آئندہ ہفتے کارپوریٹ منافع آنے کی توقع کے منتظر دکھائی دیئے جس کے نتیجے میں ہفتے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 1108.95 پوائنٹس اضافے پر26892.23 کی ریکارڈ حد حاصل کرلی اس طرح ہفتے کے دوران حصص کی مجموعی مارکیٹ مالیت میں 2 کھرب14 ارب روپے سے زائد اضافے پر مجموعی سرمایہ کاری بڑھ کر 64 کھرب 93 ارب 74 کروڑ 68 لاکھ 98 ہزار 607 روپے ہوگئی۔ ہفتے کے دوران مجموعی سودوں میں ایک ارب 25 کروڑ حصص کے زائد سودوں میں نمایاں لین دین ریکارڈ رہی۔ ہفتے کے دوران میپل لیف سیمنٹ کے حصص کے سودے سرفہرست رہے جس سے اس کے سودوں میں 13 کروڑ 42 لاکھ 19 ہزار حصص کا کاروبار رہا۔ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں پورے ہفتے تیزی ریکارڈ رہی ہفتے کے دوران مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 1877 کمپنیوں تک رہا اس میں 1036 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ 737 میں کمی اور 104 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔