کراچی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی‘ 100 انڈیکس 16600 کی نفسیاتی حد دوبارہ عبور کر گیا

کراچی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی‘ 100 انڈیکس 16600 کی نفسیاتی حد دوبارہ عبور کر گیا

کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+کامرس رپورٹر) اسٹاک مارکیٹوں میں گزشتہ روز زبردست تیزی رہی۔ تفصیلات کے مطابق الطاف حسین کی غیرمشروط معافی توہین عدالت کیس خارج ہونے سے کے ایس ای 100 انڈیکس 143.11 پوائنٹس اضافے سے 16600 کی نفسیاتی حد دوبارہ عبور کرکے 16645.76 پر پہنچ گیا۔ سرمایہ کاری میں 36ارب 20کروڑ 61 لاکھ 76ہزار439روپے اضافے پر مجموعی سرمایہ کاری مالیت بڑھ کر41 کھرب 71 ارب 65کروڑ 28لاکھ 32 ہزار 744 روپے تجاوز کرگئی۔ دریں اثناءلاہور سٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی رہی۔ مجموعی طور پر 94 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 39 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا اور کسی کمپنی کے حصص میں بھی کمی نہیں ہوئی جبکہ 55 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 61.66 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 3953.77 پر بند ہوا۔ 19لاکھ 17ہزار حصص کا کاروبار ہو ا۔