امید ہے 2018تک شرح نمو 6سے8فیصد تک ہو جائیگی: الماس حیدر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے اشارے بہترین حالات کی نشاندہی کررہے ہیں، توقع ہے کہ سال 2018ء تک شرح نمو چھ سے آٹھ فیصد تک پہنچ جائے گی لہذا ناروے کے تاجروں کو پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کے ذریعے تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ناروے کے سفیر ٹورے نیدریبو سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی رکن میاں زاہد جاوید اور شہزاد احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے جس سے ناروے کے تاجروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں تاجروں سے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ناروے اور پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں مگر باہمی تجارت اس کی عکاسی نہیں کرتی۔ سال 2012ء میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 78ملین ڈالر تھا جو سال 2014ء میں کم ہوکر 69ملین ڈالر رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت بڑھانے کے لیے تجارتی وفود کے تبادلے اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد سمیت ہر ممکن اقدامات اٹھانا ہونگے، دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط کا فروغ بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر جلد ہی ناروے ایک تجارتی وفد بھجوائے گا جو وہاں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لے گا۔ اس موقع پر پاک ناروے بزنس کونسل کے قیام سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔ ناروے کے سفیر نے کہا کہ ناروے کی بہت سی کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں بالخصوص انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔