بزنس ٹرین کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا: ترجمان ریلوے
لاہور(سٹاف رپورٹر)ریلوے ترجمان نے کہا کہ بزنس ٹرین کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ٹرین اپ گریڈیشن کے بعد کرایوں میں ردوبدل کیا گیا ہے 7کروڑ روپے کی لاگت سے بزنس ٹرین کا نئی سہولتوں کے ساتھ باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لیے ٹرین کی گنجائش 486مسافروں سے بڑھا کر 958کردی گئی ہے جس سے اس ٹرین کی متوقع آمدن ساڑھے اُنتالیس لاکھ روپے یومیہ ہوجائے گی۔ یہ ٹرین 3اے سی بزنس، 2اے سی سٹینڈرڈ اور8اکانومی کوچز پر مشتمل ہوگی۔ مزید برآں مسافروں کے اعتماد اور سہولتوں کے پیش نظر گاڑی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اس میں Wifi، LED ، منرل واٹر، پردے، ہر کوچ میں صفائی کیلئے علیحدہ سے مختص عملہ، جدید سہولتوں سے آراستہ واش روم سمیت پبلک ایڈریس سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔ ان سہولتوں کے پیش نظرصرف اس ٹرین کے کرایوں میں جو کمی کی گئی تھی اُس میں ردوبدل کیا گیا ہے جس کے بعد لاہور سے کراچی کا کرایہ اے سی بزنس کلاس کیلئے 4000روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ سابق پرائیویٹ انتظامیہ 5000روپے وصول کرتی تھی۔ اس گاڑی میں اے سی سٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کوچز کا اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ اے سی سٹینڈرڈ 2800روپے، اکانومی برتھ 1430روپے اور اکانومی سیٹ 1330روپے ہوگا۔