بلال یٰسین کا اتوار بازاروں کا دورہ، ٹی ایم او راوی ٹائون معطل

بلال یٰسین کا اتوار بازاروں کا دورہ، ٹی ایم او راوی ٹائون معطل

لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر رمضان المبارک کی آمد سے قبل گرانفروشوں کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس ضمن میں اشیائے خورونوش زائد نرخوں پر فروخت کرنے والے دکانداروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے وحدت کالونی اتوار بازار ، شادمان اتوار بازار اور دہلی دروازہ اتوار بازار کے اچانک دورہ پر صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- انہوںنے کہا کہ حکومت رمضان بازاروں میں عام صارفین کی سہولت کے لئے سبسڈی دے رہی ہے - اس ضمن میں کسی بھی دکاندار کو مقررہ نرخوں سے زائد اشیائے ضروریہ فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور زائد نرخوں پر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والوں کو نہ صرف بھاری جرمانہ جات کئے جائیں گے بلکہ انہیں کڑی سزائیں بھی دی جائیں گی۔ دہلی دروازہ اتوار بازار میں گرانفروشوں کے خلاف فوری ایکشن لینے اور ٹی ایم او راوی ٹاؤن ملک ابرار کی عدم موجودگی پر انہیں معطل کرنے کے احکاما ت جاری کئے اور ڈی او مانیٹرنگ امین چوپڑا کو فوری انکوائری کرنے کی ہدایت کی-انہوںنے کہاکہ وزیر اعلی شہباز شریف کے ویژن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔