بھٹہ مزدورں کے بچوں کے لئے تعلیمی پیکج پر عملدرآمداپریل سے ہو گا
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے وزیراعلی مفت تعلیمی پیکج کے تحت اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن سے مفت تعلیم ، کتابیں،اسٹیشنری،یونیفارم ،جوتوں ودیگر سہولتوں کے علاوہ سہ ماہی مرحلوں میں وظائف کی ادئیگی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے یہ بات مفت تعلیمی پیکج کے حوالے سے کئے جانے والے اقدمات کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ لیبر کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لئے صوبائی نمائندوں ،پولیس وانتظامیہ سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے ناسور کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف ذاتی طور پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے مشن کی تکمیل میں جزااور سزا کے نظریے کے تحت اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی پر سخت باز پرس ہو گی۔انہوں نے محکمہ لیبر کے افسران کو ہدایت کی کہ بھٹہ خشت کے علاوہ ہوٹلوں،ورکشاپس اور دیگر مقامات پر بھی چائلڈ لیبر کے یقینی خاتمے کے لئے جامع منصوبہ تیار کرکے اس ضمن میں حتمی سفارشات تیس روز کے اندر مکمل کر لی جائیں،جن کی حتمی منظوری وزیراعلی محمد شہباز شریف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدورں کے بچوں کے لئے مفت تعلیمی پیکج پر عملدرآمد کے لئے محکمہ لیبر، لٹریسی ودیگر متعلقہ محکمے مربوط رابطے اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ضروری اقدمات یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے والے بھٹہ مزدور والدین کو بھی1000روپے ہر تعلیمی سیشن کے آغاز میںحوصلہ افزائی کے طور پر دئیے جائیں گے۔