حکومت آئندہ بجٹ میں بلدیاتی اداروں کیلئے خطیر فنڈ مختص کریگی: ندیم کامران
ساہیوال(نامہ نگار)صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اگلے مالی سال کے بجٹ میں بلدیاتی اداروں کیلئے خطیر فنڈز مختص کرے گی تا کہ دوردراز علاقوں کو ترقی دے کر عوام کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں اور عوام کا مسلم لیگ کی حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہو ۔وہ یہاں سرکٹ ہائوس میں ضلع ساہیوال سے منتخب ہونیوالے بلدیاتی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں یونین کونسلز کے چیئر مینوں ،وائس چیئر مینوں اور کونسلرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں ممبران اسمبلی پیرسید عمران احمد شاہ ، چوہدری منیراظہر اور چوہدری محمد اشرف کے علاوہ مسلم لیگ(ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری راؤ نذرفرید،پی ایچ اے ساہیوال کے چیئرمین حاجی احسان الحق ادریس،آئی زیڈ بھٹی، چوہدری امجد ظفر ،چوہدری طاہر حمید، ملک محمدرمضان،چوہدری محمد طفیل جٹ اور پیر ولائیت شاہ کھگھہ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ضلعی ساہیوال کی بلدیاتی تاریخ میں ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے جو عوام کے بھر پور اعتماد کی مظہر اور اب بلدیاتی نمائندوں کا فرض ہے وہ اِس اعتماد پر پورا اتریں اور اُن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اُنہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کو ضلع کونسل کی88میں75اراکین کی حمایت حاصل ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران نے پارٹی میں شامل ہونے والے آزاد بلدیاتی اراکین کاشکریہ ادا کیا اور اُنہیں یقین دلایا کہ ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور عوام کے مسائل کے حل میں اُن کی سفارشات کو اولین ترجیح دی جائے گی اور نئے آنے والوں سے کوئی تفریق نہیں رکھی جائے گی۔