کاروباری افراد کو آسانی فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں: گورنر پنجاب

کاروباری افراد کو آسانی فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں: گورنر پنجاب

لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پاکستان (آئی کیپ) پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں بزنس کرنے میں آسانیاںپیدا کرانے کے حوالے سے اپنا سرگرم کردار ادا کرے اور اس سلسلے میں حکومت بھی اپنی سفارشات بھی پیش کرے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز آئی کیپ ناردرن ریجنل کمیٹی کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفت گو کرتے ہوئی کہی۔ وفد نے چیئرمین اسد فیروزی کی سربراہی میں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی تھی۔ گورنر پنجاب نے ملکی معیشت میں آئی کیپ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نوجوانوں کو چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کوالیفیکیشن کے حصول میں بہت مددگار ہے۔ ملاقات کے دوران کمیٹی کے اراکین علی سیف چیمہ اور رفقت حسین نے بتایا کہ آئی کیپ اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر سرکاری محکموں اور وزارتوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی کیپ رازی خان نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ کا قیام 1961 میں عمل میں آیا تھا جس کا مقصد اکاؤنٹسی کے شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہے۔