ڈینگی پر قابو پانا پنجاب حکومت کا بڑا کارنامہ ہے: سلمان رفیق
لاہور (پ ر) ڈینگی جیسے موذی مرض کو قابو کرنا وزیراعلیٰ کی زیر قیادت حکومت پنجاب کا بڑا کارنامہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ امداد باہمی کے زیر اہتمام واپڈا ٹائون میں ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز میں اس مرض کو کنٹرول کئے جانے کے حوالے سے محکمہ امداد باہمی پنجاب کے کردار کو سراہا۔ سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب بار حیات تارڑ نے کہا کہ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز میں حکومت کی ہدایات اور محکمہ امداد باہمی کی جانب سے کوآپریٹو پلان برائے کنٹرول ڈینگی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز نے کہا کہ ڈینگی کو کنٹرول کرنے میں محکمہ امداد باہمی اور کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹوز لاہور سیٹھ محمد اقبال نے کہا کہ ہم نے محکمہ امداد باہمی کے زیر اہتمام کام کرنے والی تمام سوسائٹیز میں ڈینگی آگاہی مہم چلائی۔ سیمینار سے محکمہ صحت کے ڈاکٹر سرور صادق‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹوز لاہور فرخ حیات پنوں اور کوآپریٹو ہائوسنگ کے نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔