کرشنگ سیزن سے قبل 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی جائے

خبریں ماخذ  |  کامرس رپورٹر
کرشنگ سیزن سے قبل 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی جائے

لاہور (کامرس رپورٹر) شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید کیانی نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے نام خط میںکہا ہے کہ حکومت آئندہ کرشنگ سیزن کے آغاز سے پہلے 5لاکھ ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دے۔ ایران ایک لاکھ ٹن خام چینی درآمد کرنا چاہتا ہے۔ ایک لاکھ ٹن خام چینی کی برآمد کی اجازت بھی کرشنگ سیزن سے پہلے دی جائے کیونکہ خام چینی صرف کرشنگ کے دوران ہی تیار کی جاسکتی ہے۔ٹریڈنگ کارپوریشن کو 500,000 سے 600,000 ٹن چینی ذخیرہ کرنے کی ہدایت کی جائے تاکہ غریب طبقہ کی ضروریات کے لئے چینی یوٹیلٹی سٹورز پر موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں آئندہ کرشنگ سیزن کے لئے گنے کی امدادی قیمت کا اعلان کرنے والی ہیں۔ گنے کی اضافی قیمت سے چینی کی پیداواری لاگت میں بھی مزید اضافہ ہو گا۔ آئندہ سال چینی کی 50 لاکھ ٹن ریکارڈ پیداوار متوقع ہے۔ جس سے موجودہ سیزن کی فاضل 4 لاکھ ٹن چینی شامل ہونے سے چینی کے سٹاک 54 لاکھ ٹن تک پہنچ جائیں گے۔ جن میں سے ملکی سالانہ کھپت 42 لاکھ ٹن چینی منہا کر کے 12 لاکھ ٹن چینی فاضل ہو گی اس لئے حکومت ان تجاویز کے مطابق پالیسی تشکیل دے تاکہ شوگر ملیں گنے کے کاشتکاروںکو 2012-13 کے سیزن میں بروقت ادائیگیاں کر سکیں ۔