71 سو میگاواٹ کے بونجی پاور پراجیکٹ کے انجینئرنگ ڈیزائن مکمل کرلئے: چیئرمین واپڈا
لاہور (نیوز رپورٹر) سات ہزار ایک سو میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل بونجی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن اور ٹینڈر ددستاویزات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ملک کے اس سب سے بڑے پن بجلی منصوبے کی تعمیر کے مراحل کا بہت جلد آغاز کردیا جائے گا۔ چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ نے ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری گلت بلتستان سجاد سلیم ہوتیانہ کے ساتھ واپڈا ہاﺅس میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں کیا۔ اجلاس کے دوران گلگت بلتستان میں واقع واپڈا کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ بونجی اور دیامیر بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبے نہ صرف ملکی اقتصادیات کے استحکام کے لئے اہم ہیں بلکہ یہ منصوبے گلگت بلتستان میں سماجی اور معاشی ترقی کا ایک نیا دور بھی ثابت ہوں گے۔