واٹر سکیورٹی ایشوز پر چیئرمین واپڈا کی زیرصدارت اجلاس
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعظم کی ہدایت پر واپڈا نے ’’ واٹر سیکورٹی ایشوز‘‘کے موضوع پر واپڈا ہائوس میں مشاورتی اجلاس کا اہتمام کیا ۔چیئرمین واپڈا ظفر محمود کی زیر صدارت اجلاس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر سے مختلف سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔ ممبر ( واٹر ) واپڈا محمد شعیب اقبال بھی اِس موقع پر موجود تھے ۔ چیئرمین واپڈا نے کہا وفاقی حکومت نے واپڈا کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ واٹر سیکٹر کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس کے ذریعے واٹر سکیورٹی ایشوز پر تجاویز مرتب کی جائیں ۔ ایڈوائزرواپڈا ڈاکٹر اظہار الحق نے شرکاء کو بتایا کہ مشاورتی اجلاس میں واٹر سیکٹر ایشوز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا جن میں سپلائی سائیڈ مینجمنٹ ، ڈیمانڈ سائیڈ مینجمنٹ اور واٹر ریسورس مینجمنٹ شامل ہیں ۔ واٹر سکیورٹی اور نیشنل سکیورٹی ایک ہی چیز کے دو نام ہیں ۔واٹر ریسورس کی پارلیمانی کمیٹی کے سابق سربراہ نثار اے میمن اے این جی عباسی، ریاض نذیر تارڑ ، امجد آغا، آصف ایچ قاضی، خالد مہتد اللہ، رائو ارشاد، شیراز جمیل میمن، افضل طور، عبدالقدیر خان، ڈاکٹر اللہ بخش صوفی، واٹر ریسوس ڈویژن نیسپاک کے سربراہ طارق الطاف اور آن فارم واٹر مینجمنٹ محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر ملک محمد اکرم نے واٹر سیکورٹی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔