’’عید کا تحفہ‘‘ یوٹیلٹی سٹورز پر مصالحے 24 روپے فی پیکٹ، دالیں 10 روپے کلو تک مہنگی

لاہور (کامرس رپورٹر) عید الاضحیٰ کے موقع پر یوٹیلٹی سٹورز پر سرخ مرچ ، ہلدی، دھنیا پاؤڈر اور گرم مصالحہ جات کی قیمتوں میں  2 روپے سے 24 روپے فی پیکٹ اضافہ اور دالیں 10روپے کلو تک مہنگی کر دی گئیں۔ نئی قیمت کے مطابق 200گرام سرخ مرچ کی قیمت 58روپے سے بڑھ کر 63روپے، 100گرام ہلدی  پاؤڈر کی قیمت 27روپے سے بڑھ کر 29 روپے ،100گرام دھنیا پاؤڈر کی قیمت 33 روپے سے بڑھ کر 35 روپے،50  گرام ثابت گرم مصالحہ کی قیمت 54 روپے سے بڑھ کر 56 روپے، 50گرام گرم مصالحہ پاؤڈر کی قیمت 56 روپے سے بڑھ کر 58 روپے ،50گرام کالی مرچ کی قیمت 76روپے سے بڑھ کر 80 روپے،50گرام کالی مرچ پاؤڈر کی قیمت 80روپے سے بڑھ کر 84روپے، 50گرام بڑی الائچی کی قیمت 126روپے سے بڑھ کر 152روپے،100گرام سفید زیرہ  کی قیمت 33روپے سے بڑھ کر 45روپے اور 50گرام  لونگ کی قیمت 80 روپے سے بڑھ کر 95روپے ہو گئی ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے دالوں کی قمیتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق فی کلو دال چنا 10روپے اضافے کے بعد 78 روپے دال مسور 8 روپے اضافے کے بعد 133 روپے دال مسور ثابت 4 روپے اضافے کے بعد 114 روپے سفید چٹے موٹے 4روپے اضافے کے بعد 99 روپے کالے چنے 5روپے اضافے کے بعد 73 روپے فی کلو میں فروخت کئے جا رہے ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے  شہریوں کا کہنا تھا آئے روز اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے باعث یوٹیلٹی سٹورز کی افادیت ختم ہوتی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پرچون سطح پر  کھلے عام سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی  جاری رہی اور 60 روپے تک فی کلو  زائد چارج کئے گئے۔ علامہ اقبال ٹائون، سمن آباد، اچھرہ، مزنگ، اندرون شہر، گلبرگ، ماڈل ٹائون، ایجوکیٹن ٹائون سمیت دیگر علاقوں کے صارفین کے مطابق دکاندار۔ ایک کلو آلو85 پیاز  50 روپے، ٹماٹر120 روپے ، لہسن دیسی  165  روپے، ادرک سنگاپور  325 روپے، ادرک چائنہ 375روپے، پالک  35 روپے،بینگن 50روپے، کھیرا دیسی  90روپے، کریلے  100 روپے، لیموں دیسی 250 روپے، پھلیاں90 روپے، بند گوبھی  80 روپے، پھول گوبھی 70 روپے، سبز مرچ دیسی 165 روپے، شملہ مرچ  100 روپے، اروی  65 روپے، گھیا کدو 55 روپے، گھیا توری 85 روپے ،مٹر 160روپے، مولی   30 روپے،  ٹینڈے دیسی 100 روپے، سیب کالا کولو پہاڑی 150 روپے، انار دیسی 150روپے ، انار قندھاری  200 روپے، انگور سندرخانی 260 روپے، انگور گولہ  190 روپے تک فروخت کرتے رہے۔
یوٹیلٹی سٹور مصالحے