پی آئی اے 12 شہروں میں ٹریننگ سنٹر کھولے گی : شجاعت عظیم

لاہور (خبرنگار) پی آئی اے دسمبر تک ملک کے 12 شہروں میں ٹریننگ سنٹر کھولے گی اور ان سنٹرز میں سالانہ 12سو طلبہ کی تربیت کی گنجائش ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے پی آئی اے کمپلیکس لاہور ائرپورٹ پر ٹریننگ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس سلسلے کا پہلا کیمپس ہے جبکہ راولپنڈی ٹریننگ سنٹر 15 اکتوبر سے کام شروع کر دے گا۔ اس کے علاوہ اگلے چھ ماہ کے دوران پشاور، کوئٹہ، نواب شاہ، سوات، مظفرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد اور حیدرآباد میں نوجوانوں کی تربیت کیلئے ٹریننگ کا آغاز کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ٹریننگ سنٹر ایوی ایشن کا واحد تربیتی سنٹر ہے جو کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ANO-147 سرٹیفکیٹ کا حامل ہے اور دو سالہ بین الاقوامی معیار کے ٹریننگ پروگرام کے اخراجات عالمی ایوی ایشن کے اداروں سے نصف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ائرلائن میں آئندہ چند ماہ میں مزید 15 طیارے ڈرائی لیز پر شامل کئے جا رہے ہیں جبکہ 3 ائربس A-320 طیارے پہلے ہی شامل ہو کر پروازوں کیلئے استعمال کئے جا رہے ہیں ۔پی آئی اے نے پچھلے سال کے پہلے چھ ماہ کی نسبت اس سال پہلے چھ ماہ میں 8 ارب روپوں سے زائد کی بچت کی۔