لاہور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے 10 ہزار سے زائد ملازمین کی عید تعطیلات منسوخ

لاہور (خبر نگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی یقینی بنانے کیلئے اپنے 10ہزار سے زائد  افسروں اورعملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ عید کے تینوں دنوں کے لیے گھر گھر سے آلائشیں جمع کرنے کے لیے تقریباً  500 اضافی پک اپس اور 208 منی ڈمپرز بھی حاصل کئے گئے۔ ایل ڈبلیوایم سی کے افسران اور عملہ کو عید کے تمام دنوں کے دوران ڈیوٹی پر موجود رہنے کا حکم دیا گیا۔ اوجڑیاں اور آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے تقریباً چھ لاکھ ماحول دوست بیگز  (Bio Degradable Bags) تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ یہ بیگز گھر گھر تقسیم کئے جانے کے علاوہ شہر کے مخصوص بڑے سٹوروں، آگاہی کیمپوں اور مساجد میں تقسیم کئے جانے کے علاوہ عید کے دنوں میں ہر یونین کونسل میں قائم ایل ڈبلیو ایم سی کے کیمپوں پر بھی فراہم کئے جائیں گے جہاں سے شہری یہ بیگز مفت حاصل کر سکیں گے۔