کنزیومر فنانسنگ میں 16 ارب 69 کروڑ 10 لاکھ روپے کی کمی

کراچی (مارکیٹ رپورٹر)رواں مالی سال 2009-10 میں پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر ) کے دوران کمرشل بنکوں نے کنزیومر فنانسنگ کیلئے کوئی نئے قرضے جاری نہیں کئے جبکہ زیر تبصرہ مدت کے دوران جاری کردہ قرضوں میں 16 ارب 69 کروڑ 10 لاکھ روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ا سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کنزیومر فنانسنگ کا حجم 2 کھرب 77 ارب 62 کروڑ 20 لاکھ روپے تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال 2008-09 کے اختتام پر بنکوں کی کنزیومر فنانسنگ کا حجم 2 کھرب 94 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ روپے تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق کنزیومر فنانسنگ کے تحت ہاﺅسنگ فنانسنگ میں ایک ارب 61 کروڑ 30 لاکھ روپے کمی ہوئی اور اسکا حجم 61 ارب 22 کروڑ روپے سے گھٹ کر 59 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ کار فنانسنگ میں 4 ارب 33 کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے اور اسکا حجم 78 ارب 15 کروڑ روپے سے گھٹ کر 73 ارب 81 کروڑ روپے جبکہ کریڈٹ کارڈز کے تحت قرضوں میں ایک ارب 70 کروڑ روپے کمی ہوئی اور اس کا حجم 35 ارب 53 کروڑ روپے سے گھٹ کر 33 ارب 82 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔