کراچی سٹاک ایکس چینج میں تیزی‘ انڈیکس 9154 پوائنٹس پر پہنچ گیا‘ سرمایہ کاری میں 59 ارب کا اضافہ

کراچی (مارکیٹ رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز زبردست تیزی پر کے ایس ای 100انڈیکس 216.00 پوائنٹس کے اضافے پر دو نفسیاتی حدود کامیابی سے عبور کرکے دوبارہ 9154.99 کی ریکارڈ سطح پر بند رہا۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری مالیتی اداروں کی بینکنگ آئل اینڈ گیس سیکٹرز میں خاصی سپورٹ کے اثرات‘ خریداروں کی نمایاں دلچسپی اور گزشتہ روز کے نسبت کاروباری حجم میں 13.18کروڑ حصص کا قدرے زائد اضافے کے باعث سرمایہ کاروں بالخصوص چھوٹے سرمایہ کاروں کی بینکنگ‘ آئل اینڈ گیس‘ ٹیلی کمیونیکیشن‘ سیمنٹ سیکٹرز میں نمایاں دلچسپی اور آئندہ دنوں وافر مقدار میں غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد متوقع ہونے سے حصص کے کاروبار میں تیزی ریکارڈ کی گئی جسکے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 216.00 پوائنٹس کے اضافے پر بیک وقت دو نفسیاتی حدود عبور کرکے دوبارہ 9154.99کی ریکارڈ ترین سطح پر پہنچ گیا جس سے جہانگیر صدیقی کمپنی کے حصص کاروباری حجم کے لحاظ سے سرفہرست رہے۔ اس طرح دوسرے روز بھی حصص کی مجموعی مارکیٹ مالیت میں 59 ارب 83کروڑ 13لاکھ20ہزار135روپے کا اضافہ رہا جس سے مجموعی سرمایہ کاری مالیت مزید بڑھ کر 26کھرب 51ارب 63کروڑ 10 لاکھ 25 ہزار 20 روپے تجاوز کرگئی بدھ کے روز مجموعی سودوں میں 13کروڑ 18لاکھ 68 ہزار 648 حصص کے سودوں میں قدرے زائد کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روز13کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 495حصص کے سودے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں بدھ کے روز67 فیصد سے زائد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں اور گزشتہ روز کے نسبت کاروباری حجم میں صرف 13لاکھ حصص کے زائد سودوں میں کاروبار ہوا مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار400کمپنیوں تک محدود رہا۔