کیمیکل انڈسٹری کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں: ماہرین

لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت کو کیمیکل انڈسٹری کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہئیں کیونکہ یہ صنعت ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ یہ بات مختلف ماہرین نے کیمیکل انڈسٹری کی جدت اور ویژن 2030ءکے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا اہتمام لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کیمیکلز اینڈ ڈائز نے کیا تھا۔ لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ نائب صدر میاں ابوذر شاد، سٹینڈنگ کمیٹی کی کنوینر نبیلہ انتصار، کو کنوینر خواجہ خاور رشید، انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ پروموشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد شیروانی، ڈاکٹر ثاقب ناصر، شفیع ریسوچم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ابرار احمد، ڈاکٹر محمد سلیم ،انجینئر محمد لیاقت ، لاہور چیمبر کے سابق صدر میاں انجم نثار اور سابق سینئر نائب صدر طاہر جاوید ملک نے سیمینار سے خطاب کیا۔