کسانوں کی سہولت کیلئے موبائل ریسرچ لیبز تشکیل دی جائینگی: صوبائی وزیر زراعت

کسانوں کی سہولت کیلئے موبائل ریسرچ لیبز تشکیل دی جائینگی: صوبائی وزیر زراعت

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ٹھوکر نیاز بیگ پر سوئل فرٹیلٹی کے ڈاریکٹوریٹ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر ادارہ زرخیزی زمین ار تجزیہ اراضی و پانی، ڈاکٹر شہزادہ مہدی نے وزیر زراعت کو ادارے کی کارکردگی اور زمین کی زرخیزی کیلئے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا سوئل فرٹیلٹی ڈیپارٹمنٹ اب تک پنجاب بھر سے زمین 58 لاکھ 94 ہزار 510 سیمپل لیکر لیبارٹری ٹیسٹ کرچکا ہے جس ے 3 لاکھ 95 ہزار 710 کسانوں کو زمین کی زرخیزی بارے معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ کسانوں اور بہترین کارکردگی کےلئے موبائل ریسرچ لیبز تشکیل سی جائیں جو کسانوں کو ان کے علاقے میں جا کر زمین کی زرخیزی اور پیداوار میں اضافے بارے مفید معلومات دیں۔ وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت پنجاب زراعت کے شعبے میں کی گئی جدید تحقیق کو کسانوں تک پہنچائے گی۔ جس سے پیداواری اہداف حاصل کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔