میپکو کا قومی خزانہ کو 30ارب روپے نقصان پہنچانے کا انکشاف

اسلام آباد (احمد احمدانی / دی نیشن رپورٹ) اس وقت جبکہ ملک کو بجلی کے بدترین بحران کا سامنا ہے ملتان الیکٹرسٹی پاور کمپنی (میپکو) کی کرپشن کی تازہ مثال سامنے آئی ہے جس مےں قومی خزانہ کو 30بلین ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا ہے، اس حوالے سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق 2008-09ءکے دوران میپکو کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا جس کے باعث منافع کی شرح منفی رہی، کمپنی اپنی کارکردگی کو بہتر نہ بنا سکی، میپکو کے 69مقامات سے 13.268ملین روپے کے الیکٹریکل آلات چوری ہوگئے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس نقصان کی ذمہ داری کا تعین کرنے کےلئے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔ 12دسمبر 2006ءکو اختر انٹرپرائزز کے نام 13.741ملین روپے 21ہزار ڈسک انسولیٹرز کی خریداری کےلئے پرچیز آرڈر جاری کیا گیا مگر دو سال 10ماہ گزرنے کے باوجود سامان کی سپلائی نہیں کی گئی۔ سی ای او میپکو کی جانب سے 1.374ملین روپے کا پرفارمنس بانڈ بھی ضبط نہیں کیا گیا۔