چھ ماہ میں سیمنٹ کی فروخت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

 کراچی (این این آئی)رواں مالی سال دسمبر 2013ء کے مہینے میں سیمنٹ کی فروخت 2.326  ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ برس 2012ء ماہ دسمبر میں سیمنٹ کی فروخت 2.242  ملین ٹن تھی اس طرح فروخت میں 3.8 فیصد اضافہ ہوا۔مجموعی فروخت چھ ماہ میں 11.976 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ برس مجموعی فروخت 11.727 ملین ٹن تھی اس طرح فروخت میں 2.1 فیصد اضافہ ہوا۔رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے ابتدائی پانچ ماہ برآمدات کمی کے بعد کچھ بہتر ہوئی ہیں۔ دسمبر 2013ء میں برآمدات کا حجم بڑھ کر  625,000 ٹن ہوگیا جو گزشتہ سال 2012ء دسمبر میں 580,000 ٹن تھا اس طرح اس میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا۔ سیمنٹ کی مجموعی فروخت جولائی تا دسمبر 2013ء 4.145 ملین ٹن رہیں جو گزشتہ برس کی مجموعی برآمدات 4.222  ملین ٹن سے 1.8 فیصد کم ہے۔ سیمنٹ برآمدات میں ہونے والی 1.8 فیصد کمی کو ہٹا کر گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں گزشتہ چھ میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رواں مالی سال 2013-14ء کی پہلی ششماہی میں سیمنٹ سیکٹر کی کارکردگی بتاتے ہوئے آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ دسمبر 2013ء اور گزشتہ چھ ماہ میں ہونے والی سیمنٹ کی مقامی فروخت ملک کی اب تک کی سب سے زیادہ مقامی فروخت تھیں۔ تاہم برآمدات دبائو کا شکار رہیں اور گزشتہ چھ میں 1.8 فیصد کمی کے ساتھ 4.145 ملین ٹن رہیں۔