جی ایس پی پلس سے بھرپور استفادہ کیلئے پاکستان‘ یورپ بزنس فورم تشکیل دینگے: گورنر پنجاب

جی ایس پی پلس سے بھرپور استفادہ کیلئے پاکستان‘ یورپ بزنس فورم تشکیل دینگے: گورنر پنجاب

لاہور (خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یورپی منڈیوں میں جی ایس پی پلس سٹیٹس کے فیصلے سے بھر پور استفادہ کرنے اور یورپ سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پاکستان ، یورپ بزنس فورم تشکیل دیا جائے گا۔ جس میں مختلف شعبوں کے سرمایہ کار تاجر اور اہم شخصیات کو شامل کیا جائے گا۔  بزنس فورم یورپی ملکوں کے ساتھ تجارت کے امکانات سے بھر پور استفادہ کرنے کے لئے وزارت تجارت اور خزانہ کے ساتھ مل کر کام  کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  گورنر ہائوس  میں ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا  جس کی قیادت چیمبر کے صدر انجینئر سہیل بن رشید  نے کی جبکہ  کنٹری ڈائریکٹر مسلم ایڈ سرونگ ہیومینٹی خبیب اے وحیدی ، شیخ فاروق اللہ والا ، عبداللہ شیخ، چوہدری اصغر ، ریاض الحق کے علاوہ دیگر چیمبر کے ممبران نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے تجارتی اور کاوروباری سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت ایک مؤثر منصوبہ بندی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ جی ایس پی پلس سٹیٹس سے بھر پور استفادہ کیا جا سکے۔ گورنر نے کہا کہ  حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کا ر لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی واضح ہدایت کے مطابق صنعتوں کو ہفتے میں دو دن گیس کی سپلائی ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں اور دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب نے 10بلین روپے کے فنڈز مختص کر رکھے ہیں تاکہ بچوں کو صاف پینے کا پانی میسر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل بہتر ماحول میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔  اس موقع پر  وفد نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول پر وزیر اعظم محمد نواز شریف، گورنر پنجاب اور ان کی  ٹیم کو مبارکباد دی اور اس ا ہم کامیابی پر ان کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد اور مسلم لیگ ایڈسرونگ کمیونٹی کے درمیان گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی سرپرستی میں صاف پانی کی فراہمی اور مختلف سوشل اور تعلیمی پراجیکٹس پر مل کر کام کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی ہوئے۔ انجینئر سہیل بن رشید نے گورنر پنجاب کو شیلڈ دی۔