سیاستدان تعصب چھوڑ کر کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر متفق ہو جائیں: ابراہیم مغل

سیاستدان تعصب چھوڑ کر کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر متفق ہو جائیں: ابراہیم مغل

لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان ایگری فورم کے چیئرمین مرزا ابراہیم نے تمام سیاستدانوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ تعصب‘ اناپرستی اور ذاتیات کی سیاست کو ختم کرکے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر متفق ہوکر ملک و قوم کو ہر سال آنے والے سیلابوں سے ہونے والے کھربوں روپے کے نقصانات سے بچائیں۔ اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں مرزا ابراہیم نے کہا ہے کہ دریائے کابل‘ سوات اور دیگر دریاﺅں میں آنے والے سیلاب نے پورے خیبر پی کے میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اس سیلاب کو بھاشاہ دیم بھی نہیں روک سکتا۔ خیبرپی کے میں سیلاب کا باعث بننے والی پانی کو صرف اور صرف کالا باغ ڈیم ہی روک سکتا ہے۔ مرزا ابراہیم نے کہا کہ ہم صرف ایک سال میں کالا باغ ڈیم کا گیٹ ہی تعمیر کرلیں تو سیلاب پر کنٹرول کرسکتے ہیں۔ ملک و قوم کو سالانہ اربوں روپے کے نقصان سے بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سال بھی بھارت کی طرف سے فاضل پانی چھوڑنے اور غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے شدید سیلاب کے خطرات ہیں جس سے گذشتہ سالوں میں ہونے والے نقصان سے زیادہ نقصانات کا سخت خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے مسائل کا حل صرف اور صرف کالا باغ ڈیمکی تعمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے بھاشا ڈیم کی تعمیر کی حمایت کو امریکی چال قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ یہ ہم سے زیادہ اپنے مفاد میں کررہا ہے۔ وہ بھاشا ڈیم کی زد میں آنے والی شاہراہ قراقرم کے خاتمے کیساتھ ساتھ درپردہ وہاں بیٹھ کر چین کی نگرانی کرنا چاہتا ہے۔ مرزا ابراہیم نے سیاستدانوں سے کہاکہ وہ خدا کیلئے اپنی تعصب اور ذاتیات کی سیاست کو ختم کردیں جس کی بھینٹ نہ صرف سالانہ کئی لوگ چڑھ رہے ہیں اور ملک کو کئی سو ارب کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔