ایپل کے پرانے ماڈلز پر پابندی ختم

 ایپل کے پرانے ماڈلز پر پابندی ختم

واشنگٹن (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) اوباما انتظامیہ نے امریکہ میں ایپل کے آئی پیڈ اور آئی فون کے پرانے ماڈلز کی فروخت پر پابندی کے فیصلے کو ختم کر دیا ہے۔جون میں امریکہ کے انٹرنیشنل ٹریڈ کمیشن نے ایپل کی جانب سے اپنے حریف سام سنگ کے پیٹنٹ کی خلاف ورزی پر اس کے پرانے ماڈلز کے آئی فون اور آئی پیڈ کی تجارت پر پابندی لگا دی تھی۔ اوباما کے تجارت سے متعلق نمائندے مائیکل فرومین نے اس پابندی کے خلاف فیصلہ دیا ۔اسے ایک غیر معمولی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔اس پیٹنٹ کا تعلق 3G وائرلیس ٹیکنالوجی اور ایک وقت پر متعدد سروسز کے ترسیل سے ہے۔آئی ٹی سی نے ایپل کے آئی فون 4، آئی فون 3، آئی فون 3GS، آئی پیڈ 3G، اور آئی پیڈ 2 3g کی درآمد اور فروخت پر پابندی لگا دی تھی۔ ان میں سے کئی مصنوعات اب امریکی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔آئی ٹی سی کی جانب سے درآمدات پر لگائی گئی پابندیوں کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے اوباما انتظامیہ کے پاس ساٹھ دن کا وقت ہوتا ہے۔